Saturday, August 31, 2013

Sesurity tools for smart phone

آپ کے اسمارٹ فون کے لیے ٹاپ ٹین سیکیورٹی ٹولز



اگر آپ اپنا فون کہیں رکھ کر بھول جائیں یا یہ چوری ہو جائے تو آپ سمجھ سکتے ہیں کہ یہ آپ کے لیے کتنا بڑا نقصان ہے۔ فون میں آپ کا کتنا اہم اور قیمتی ڈیٹا موجود ہوتا ہے۔ اس لیے ضرو ری ہے کہ اپنے اسمارٹ فون میں ایسی سیکیورٹی ایپلی کیشنز انسٹال کریں کہ نقصان کا خطرہ کم سے کم ہو۔ آج کل بے شمار سیکیورٹی ایپلی کیشنز سستے داموں یا بالکل مفت دستیاب ہیں۔ یہ ایسا معاملہ ہے کہ اس میں اگر کوئی ایپلی کیشن خریدنی بھی پڑ جائے تو اس سے گریز نہ کریں۔ کیونکہ یہ تھوڑی سی رقم بہت بڑے نقصان سے بچنے کے لیے زیادہ اہمیت نہیں رکھتی۔ اور دوسری بات
یہ کہ جب ہم ہزاروں روپے کا قیمتی اسمارٹ فون خریدتے ہیں تو اس کی حفاظت کے لیے ایک ایپلی کیشن خریدنا کون سی بڑی بات ہے۔

ان ایپلی کیشنز کا خاص فیچر لوکیشن ٹریکنگ ہے یعنی فون جہاں بھی موجود ہو گا آپ اس مقام سے باخبر رہیں گے۔ ضروری نہیں کہ اس فیچر کو صرف چوری کے ڈر سے استعمال کیا جائے بلکہ فیملی کی حفاظت کے لیے بھی یہ بہترین فیچر ہے۔ مثلاً اگر فیملی کے تمام افراد کے پاس ایسی ایپلی کیشنز انسٹال ہوں تو باآسانی باخبر رہا جا سکتا ہے کہ کون اس وقت کہاں موجود ہے۔ خاص کر اسٹوڈنٹس پر نظر رکھنے کے لیے والدین ان ایپلی کیشنز کو استعمال کر سکتے ہیں۔
اس حوالے سے سیکڑوں ایپلی کیشنز دستیاب ہیں۔ جن میں سے ہم نے آپ کے لیے بہترین دس کا انتخاب کیا ہے۔ تو آئیے ان ٹاپ ٹین ایپلی کیشنز کا مزید جائزہ لیتے ہیں۔

لُک آؤٹ موبائل سیکیورٹی
www.lookout.com
Lookout ایک مفت دستیاب ایپلی کیشن ہے جو کہ iOS اور اینڈرائیڈ ڈیوائس کو ہر وقت مختلف خطرات جیسے کہ غیر محفوظ وائی فائی نیٹ ورکس، خطرناک ایپلی کیشنز، فراڈ پر مبنی لنکس وغیرہ سے محفوظ رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ اس ایپلی کیشن کی مدد سے فون بک کانٹیکٹس کا بیک اپ بھی بنا کر اسے آن لائن ایکسس کیا جا سکتا ہے۔ اگر کبھی ڈیوائس کریش ہو جائے یا اس کا ڈیٹا اُڑ جائے تو اس بیک اپ سے فون بُک واپس ری اسٹور کی جا سکتی ہے۔
یہ ایپلی کیشن اس لحاظ سے اسمارٹ فون کی سیکیورٹی فراہم کرتی ہے کہ جی پی ایس آف ہونے کے باوجود فون کا موجود مقام گوگل میپس پر دکھا سکتی ہے۔ فون کے سائلنٹ موڈ پر ہونے کے باوجود تیز الارم بھی بجا سکتی ہے۔ یہ فیچرز اس کے مفت دستیاب ورژن میں موجود ہیں۔ جبکہ اس کے پریمئیم ورژن جس کی قیمت تین ڈالر فی مہینہ اور تیس ڈالر سالانہ ہے میں مزید کئی زبردست فیچرز موجود ہیں مثلاً ریموٹ لاکنگ، سیف براؤزنگ، سیکیورٹی خطرات سے تحفظ اور پرائیویسی اسکین وغیرہ۔

سنیپ سیکیور
www.mysnapsecure.com
Snap Secure ایپلی کیشن بحفاظت اور خود کار طریقے سے فون کا ڈیٹا آن لائن بیک اپ کرتی رہتی ہے، جسے ضرورت کے تحت ری اسٹور اور کسی نئی ڈیوائس میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔ اس ایپلی کیشن میں اینٹی وائرس اور اینٹی اسپائی ویئر بھی موجود ہے جو نئی انسٹال ہونے والی ایپلی کیشنز کو مال ویئر کے لیے اسکین کرتے ہیں۔ اس میں کال بلاکنگ کا فیچر بھی موجود ہے۔ جس سے نامعلوم نمبرز اور ایسی کالز جن میں نمبرز دکھائی نہیں دیتے کو بلاک کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس ایپلی کیشن کے ذریعے بلیک بیری پر غیر ضروری ای میلز کو بلاک کیا جا سکتا ہے جبکہ اینڈرائیڈ پر غیر ضروری ایس ایم ایس کو بھی بلاک کیا جا سکتا ہے۔
اس میں موجود پرائیویسی منیجر بتاتا ہے کہ فون موجود ایپلی کیشنز کیسے آپ کی پرسنل معلومات تک رسائی حاصل کر رہی ہیں۔ چوری سے بچاؤ کے لیے anti-theft اور لوکیشن ٹریکر بھی موجود ہے جس کی مدد سے آپ جان سکتے ہیں کہ آپ کے فون کو چُرانے والا کہاں موجود ہے۔ اس کا سب سے بہترین فیچر Personal Guardian کے نام سے موجود ہے۔ دراصل یہ ہنگامی صورت حال کا آپشن ہے۔ جسے ایمرجنسی صورت حال میں استعمال کرتے ہی ایک ای میل، ایس ایم ایس یا ٹویٹ کی جا سکتی ہے جس میں آپ کی لوکیشن بھی موجود ہو گی۔
’’سنیپ سیکیور‘‘ آئی او ایس، اینڈرائیڈ اور بلیک بیری ڈیوائسز کے لیے دستیاب ہے۔ اس کے فری اور پروفیشنل دونوں ورژنز دستیاب ہیں۔ بہترین فیچرز پروفیشنل ورژن میں دستیاب ہیں جس کا تیس دن کا مفت ٹرائل ورژن بھی دستیاب ہے۔ جبکہ اس کی قیمت چار ڈالر فی مہینہ اور اٹھارہ ڈالر سالانہ ہے۔



بُل گارڈ موبائل سیکیورٹی
http://goo.gl/xZbaz
BullGuard ایپلی کیشن کے ساتھ آپ کو ایک آن لائن اکاؤنٹ ملتا ہے جس کی مدد سے اسمارٹ فون تک ریموٹلی پہنچا جا سکتا ہے۔ اس میں موبائل سیکیورٹی منیجر بھی موجود ہے جو بذریعہ جی پی ایس کام کرتا ہے۔ اگر فون گم ہو جائے تو ریموٹلی اس میں موجود تمام ڈیٹا ڈیلیٹ کیا جا سکتا ہے۔ اس میں پیرینٹل کنٹرول موڈیول (Parental Control module) بھی موجود ہے جس کی مدد سے آپ فون تک رسائی نہ ہونے کے باوجود اپنے بچوں کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ اینٹی وائرس، اینٹی اسپائی ویئر، اسپیم فائر وال، فون بک بیک اپ/ری اسٹور کے علاوہ سم کارڈ پروٹیکشن کے فیچرز بھی اس میں دستیاب ہیں۔
بُل گارڈ اینڈرائیڈ، سیمبیئن، ونڈوز موبائل اور بلیک بیری کے لیے دستیاب ہے اور اس کی قیمت تیس ڈالر سالانہ ہے۔



آئی ہاؤنڈ فون اینڈ فیملی ٹریکنگ
www.ihoundsoftware.com
iHound فیملیز کے لیے بہترین ایپلی کیشن ہے کیونکہ اس میں ٹریکنگ کے کئی ٹولز موجود ہیں۔ تاہم ڈیوائس کی حفاظت کے لیے بھی یہ اچھی ایپلی کیشن ہے۔ آئی ہاؤنڈ جی پی ایس کی مدد سے فون کی لوکیشن چیک کر کے رپورٹ فراہم کرتی ہے۔ اس میں الارم کا آپشن بھی موجود ہے جو کہ فون کے سائلنٹ موڈ پر ہونے کے باوجود بجتا ہے۔ اگر اس ایپلی کیشن کو اینڈرائیڈ پر استعمال کریں تو ریموٹلی ڈیٹا ڈیلیٹ اور فون لاک بھی کیا جا سکتا ہے۔ خودکار فیس بک اور ٹویٹر چیک اِن کا آپشن بھی اس میں موجود ہے۔آئی فون ایپ اسٹور پر یہ ایپلی کیشن تین مہینے کے لیے مفت دستیاب ہے، اس کے بعد اسے خریدنا پڑتا ہے جبکہ اینڈرائیڈ سات دن کے مفت ٹرائل کے بعد اس کی قیمت دس ڈالر سالانہ ہے۔

میکافی ویوو سیکیور
McAfee نے بھی آئی او ایس، اینڈرائیڈ، بلیک بیری، سیمبیئن اور ونڈوز فون کے لیے ایک بہترین سیکیورٹی ایپلی کیشن بنا رکھی ہے۔ دیگر ایپلی کیشن کی طرح اس میں اس حوالے سے تمام فیچرز دستیاب ہیں مثلاً ریموٹلی ڈیٹا ڈیلیٹ کرنا، بیک اپ/ ری اسٹور، لوکیشن اور سم ٹریکنگ وغیرہ۔ سیم ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے یہ بھی پتا چل سکتا ہے کہ ڈیوائس میں کون سی سم لگائی گئی ہے اور کن نمبرز پر کال کی جا رہی ہے۔ ویوو سیکیور سے نا صرف کانٹیکٹس بلکہ فوٹوز اور ویڈیوز بھی بیک اپ کیے جا سکتے ہیں۔
اس کا ٹریکنگ سسٹم نہ صرف ڈیوائس کا موجود مقام بتاتا ہے بلکہ میپ پر دیگر مقامات کی نشاندہی بھی کرتا ہے جس سے جانا جا سکتا ہے کہ ڈیوائس کن کن مقامات پر موجود رہی ہے۔ جی پی ایس آف ہونے کے باوجود یہ فیچر کام کرتا ہے۔ اس ایپلی کیشن کی قیمت بیس ڈالر سالانہ ہے۔

کیسپر اسکائی موبائل سیکیورٹی
’’کیسپراسکائی موبائل‘‘ کی سیکیورٹی ایپلی کیشن میں کافی فیچرز موجود ہیں لیکن زیادہ تر فیچرز سیمبیئن اور ونڈوز موبائل ڈیوائسز کے لیے ہیں۔ اس میں anti-theft، اینٹی وائرس، اینٹی اسپام، پرائیویسی پروٹیکشن، ڈیٹا انکرپشن، پیرینٹل کنٹرول اور فائر وال موجود ہے۔ ٹریکنگ فیچر کے ذریعے موبائل کا مقام معلوم کیا جا سکتا ہے۔ اس کا منفرد فیچر یہ ہے کہ فون میں سم کارڈ تبدیل ہونے کے باوجود ڈیوائس میں موجود ڈیٹا ڈیلیٹ کیا جا سکتا ہے۔ پرائیویٹ موڈ فیچر بھی بہت مفید ہے کیونکہ اس کے ذریعے ان کمنگ کالز اور ایس ایم ایس مینوئلی، آٹو میٹکلی اور ریموٹلی چھپائے جا سکتے ہیں۔ یعنی اگر کسی کے پاس آپ کا فون ہے تو اسے یہ دیکھ کر شدید حیرت ہو گی کہ وہ آپ کے پرسنل ڈیٹا تک نہیں پہنچ سکتا۔ اس کی قیمت پندرہ ڈالر سالانہ ہے جبکہ سات دن کا مفت ٹرائل بھی دستیاب ہے۔

ایف سیکیور موبائل سیکیورٹی
اگر آپ اینڈرائیڈ، سیمبیئن یا ونڈوز موبائل فون استعمال کر رہے ہیں تو آپ F-Secure کو آزمانہ پسند کریں گے۔ یہ وائرسز اور مال ویئر سے حفاظت فراہم کرتا ہے۔ اس میں پیرینٹل کنڑول، سیف براؤزنگ، لوکیشن ٹریکنگ اور کال/ ایس ایم ایس بلاکنگ کے آپشنز دستیاب ہیں۔ اس ایپلی کیشن کی قیمت چالیس ڈالر ہے۔ اگر کچھ بالکل مفت چاہتے ہیں تو اس کی Anti-Theft ایپلی کیشن درج ذیل لنک سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں:
موبائل فون چوری یا گم ہو جانے کی صورت میں یہ موبائل کے مقام کی نشاندہی کرتی ہے، فون میں موجودہ ڈیٹا ڈیلیٹ کرنے کے ساتھ ساتھ ریموٹلی لاک کرنے کی سہولت بھی اس میں موجود ہے۔

نورٹن موبائل سیکیورٹی لائٹ
اب ذکر کرتے ہیں نورٹن کا، جو کہ اینٹی وائرس بنانے والی ایک معروف کمپنی ہے۔ موبائل فون کی سیکیورٹی کے لیے اس کی دستیاب ایپلی کیشن بدقسمتی سے صرف اینڈرائیڈ کے لیے دستیاب ہے۔ یہ ایپلی کیشن وائرسز اور مال ویئر سے فون کو محفوظ رکھتی ہے اس کے علاوہ چوری ہونے کی صورت میں دیگر ایپلی کیشنز کی طرح فون کے مقام کا بتاتی ہے، اس میں ڈیٹا ڈیلیٹ کرنے کے ساتھ ساتھ اسے ریموٹلی لاک کرنے کا آپشن بھی دیتی ہے۔
موبائل فون پر براؤزنگ کرنے کے دوران اس کا پرائیویسی گارڈ حفاظت فراہم کرتا ہے۔ فون پر موجود ایپلی کیشنز کو اسکین کر کے ان کے بارے میں جانا جا سکتا ہے کہ کوئی ایپلی کیشن خطرناک یا مشکوک تو نہیں۔ کالز اور ایس ایم ایس بلاک کرنے کا فیچر بھی اس میں موجود ہے۔ یہ ایپلی کیشن اینڈرائیڈ مارکیٹ پلیس سے مفت ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔
ایواسٹ بھی اینٹی وائرس بنانے کے لیے حوالے سے ایک مشہور کمپنی ہے۔ پی سی کے لیے جیسے ان کا اینٹی وائرس بہترین کارکردگی کا حامل ہے اسی طرح ان کی موبائل کے لیے دستیاب سیکیورٹی ایپلی کیشن بھی عمدہ ثابت ہوئی۔

ایواسٹ موبائل سیکیورٹی
ایواسٹ موبائل سیکیورٹی بھی صرف اینڈرائیڈ کے لیے دستیاب ہے۔ اس کا ذکر اس لیے ضروری ہے کہ اس میں کئی فیچرز موجود ہیں اور یہ بالکل مفت ایپلی کیشن ہے۔ اگر ایواسٹ کا موازنہ دیگر مفت اور کمرشل ایپلی کیشنز سے کیا جائے تو اس میں تمام فیچرز کے علاوہ چند دوسرے فیچرز بھی ملیں گے۔
اس میں ریئل ٹائم پروٹیکشن، کسٹمائز ایبل اپ ڈیٹس، پرائیویسی رپورٹس، ویب شیلڈ، کال اور میسج فلٹرنگ، فائر وال اور ایپلی کیشن منیجر موجود ہے۔ اگر ڈیوائس چوری ہو جائے تو فون بک ری اسٹور کرنے کے علاوہ دیگر تمام آپشنز اس میں موجود ہیں، دراصل اس میں بیک اپ کا فیچر نہیں ہے۔ تاہم ڈیوائس کا مقام معلوم کیا جا سکتا ہے، ریموٹلی اس میں سے ڈیٹا ڈیلیٹ کیا جا سکتا ہے، ریموٹلی فون بلاک کیا جا سکتا ہے، ہنگامی الارم سیٹ کیا جا سکتا ہے حتیٰ کہ اگر کوئی فون میں لگی سم بدلے گا تو اس کا الرٹ بھی وصول کیا جا سکتا ہے۔
مزید اس میں App Disguiser جیسا انوکھا فیچر موجود ہے جس کی مدد سے انسٹال شدہ ایپلی کیشنز کے نام تبدیل کیے جا سکتے ہیں۔ اس طرح موبائل چوری ہونے کی صورت میں آپ کے ذاتی ڈیٹا تک پہنچنا تھوڑا پیچیدہ ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ Stealth Mode آن کرنے سے ایواسٹ کا آئی کن غائب ہو جاتا ہے۔ اس طرح چور کو پتا بھی نہیں چلتا کہ وہ ٹریک ہو رہا ہے۔

گیجٹ ٹریک
GadgetTrak صرف iOS کے لیے دستیاب ایپلی کیشن ہے۔ یہ نہ صرف چوری شدہ موبائل کو ٹریک کرتی ہے بلکہ چور کی تصویر بھی بنا لیتی ہے۔ ٹریکنگ میں یہ آپ کی ڈیوائس کے مقام کی ایسی نشاہدی کرتی ہے کہ آپ باآسانی جان سکتے ہیں کہ اس وقت ڈیوائس کہاں موجود ہے۔
جی پی ایس آن ہو تو بہتر لوکیشن ٹریکنگ حاصل کی جا سکتی ہے لیکن آف ہونے کی صورت میں بھی ڈیوائس کی لوکیشن معلوم کرنا ممکن ہے۔ اس ایپلی کیشن کی مدد سے سیٹنگز کو لاک کیا جا سکتا ہے، اس طرح انھیں بدلنا ممکن نہیں رہتا۔ اس کے علاوہ ایپلی کیشنز کو ڈیلیٹ کرنے پر بھی پابندی لگائی جا سکتی ہے۔ اس طرح چور کوئی بھی ایپلی کیشن بشمول گیجٹ ٹریک ڈیلیٹ نہیں کر پائے گا۔ یہ ایپلی کیشن ایپ اسٹور پر چار ڈالر میںد ستیاب ہے۔


اختتامیہ

پرائیویسی اور سیکیورٹی کی بات کی جائے تو بعد میں افسوس کرنے اور پچھتانے سے بہتر ہے کہ پہلے ہی کوئی سیکیورٹی ایپلی کیشن استعمال کریں۔ ہم یہ تو نہیں کہہ سکتے کہ ان ایپلی کیشنز کے استعمال سے آپ کا فون چوری ہونے سے بالکل محفوظ ہو جائے گا لیکن کم از کم آپ کے پاس اتنا اختیار ضرور ہو گا کہ آپ جان سکیں کہ فون کہاں موجود ہے اور اسے لاک کر کے آپ کافی حد تک مفاہمت کر سکتے ہیں۔
اگر آپ کوئی سیکیورٹی ایپلی کیشن استعمال کر رہے ہیں تو ہمیں اس کے بارے میں آگاہ کریں اور اگر ہماری بتائی ہوئی ایپلی کیشنز میں سے کسی کو آزمائیں تب بھی اپنی رائے سے ضرور آگاہ کریں کہ یہ تجربہ آپ کے لیے کیسا رہا۔

No comments:

Post a Comment

Thanks for your comment.
Admin....